CDWP approve Five Development Projects Ahsan Iqbal Capitalnewspoint.com

احسن اقبال کی زیر صدارت CDWP اجلاس، 21.59 ارب روپے کے 5 منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) کا اجلاس ہوا، جس میں مجموعی طور پر 115 ارب 89 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کے سات ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا ، اجلاس میں 21 ارب 59 کروڑ روپے کے پانچ منصوبوں کی منظوری دے دی گئی، جبکہ 94 ارب 30 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کے دو بڑے منصوبوں کو مزید غور اور حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی گئی۔

اجلاس کے دوران اڑان پاکستان پروگرام کے تحت مختلف اہم شعبوں سے متعلق ترقیاتی منصوبے زیر غور آئے۔ ایجنڈے میں خوراک و زراعت، گورننس، اعلیٰ تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کھیلوں اور آبی وسائل کے منصوبے شامل تھے ، وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے حکومت کے وسیع تر معاشی و ترقیاتی وژن اور اصلاحاتی ایجنڈے سے مطابقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے زیتون کی کاشت کے منصوبے میں نجی شعبے کی مؤثر شرکت یقینی بنانے اور نتائج پر مبنی پیشہ ورانہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کلر کہار، اسلام آباد اور وسیع تر پوٹھوہار کے علاقوں میں زیتون کی کاشت کے وسیع امکانات کو منصوبہ بندی کا حصہ بنایا جائے تاکہ اس شعبے کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے ، ایف بی آر سے متعلق منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے واضح اور قابلِ پیمائش اہداف مقرر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ٹیکس آمدن میں اضافے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے 2029 تک ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 13.5 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کرنے پر زور دیا۔

اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر نے جامعات کو تحقیق، جدت اور کمرشلائزیشن کا مرکز بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مضبوط انوویشن ایکو سسٹم تشکیل دیا جائے تاکہ جامعات کی تحقیق کو عملی اور معاشی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے ، احسن اقبال نے ملک کی پانچ انجینئرنگ جامعات کی لیبارٹریز اپ گریڈ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کو عالمی معیار کے اعلیٰ انجینئرز تیار کرنے والے نمایاں ادارے کے طور پر اپنی شناخت مزید مضبوط کرنا ہوگی۔

کھیلوں سے متعلق منصوبے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اسپورٹس بورڈ کی ادارہ جاتی صلاحیت بہتر بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی مؤثر تکمیل کے لیے باصلاحیت اور مضبوط ادارہ ضروری ہے ، احسن اقبال نے ہدایت کی کہ اسپورٹس بورڈ منصوبے پر عملدرآمد اور جوابدہی کے لیے ذمہ داری کا واضح تعین کیا جائے اور مختلف اداروں کے درمیان اختیارات کی غیر واضح تقسیم سے گریز کیا جائے تاکہ منصوبے کے اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔