Atta Tarar Capitalnewspoint.com (2)

اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش سے متعلق ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل ہوگا . عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سڑکوں کی بندش اور شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں، انتظامیہ ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی پرتشدد گروہ کو داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے، جبکہ قانون کا اطلاق تمام افراد اور گروہوں پر یکساں ہوگا , انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت کا رابطہ برقرار ہے اور سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کے کارکنان پرامن اور سمجھدار لوگ ہیں۔

فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ شہریوں کی جانب سے بعض شکایات موصول ہورہی ہیں، جنہیں متعلقہ حکام کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ اسکیم سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے مہم بھی جاری ہے اور رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق باقاعدہ ٹیوٹوریل کے ذریعے شہریوں کی رہنمائی کی جا رہی ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق فیول ریلیف اسکیم کی امپلیمنٹیشن کمیٹی کے اجلاس میں تمام صوبوں کے نمائندے شریک ہوئے، جبکہ اسکیم کے تحت مستحق افراد کی نشاندہی کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل بھی جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم ریلیف اسکیم ایک ٹارگٹڈ سبسڈی ہے اور پاکستان میں رجسٹرڈ تقریباً ڈھائی کروڑ موٹر سائیکلیں اس اسکیم سے مستفید ہوں گی۔

وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت متعدد اقدامات پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ، ان کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وفد کو بھی محدود رکھا گیا ہے اور کئی وزراء ان کے ساتھ روانہ نہیں ہوئے ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ نیویارک کے لیے انتہائی مختصر وفد تشکیل دیا گیا ہے، جو کفایت شعاری کے حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔