واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے بارے میں جلد فیصلہ کرنے والے ہیں، جبکہ ایران سے متعلق مختلف آپشنز زیرِغور ہیں ، ٹرمپ کے مطابق زیرِغور آپشنز میں ایران کو مکمل طور پر تباہ کرنا، ملک کو معاشی طور پر کمزور کرنا اور ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا شامل ہیں، امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے مرحلے میں ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں بہت بڑے واقعات رونما ہوں گے ، ٹرمپ کی جانب سے ایران کے بارے میں فوجی کارروائی، معاشی دباؤ اور مذاکرات سمیت مختلف راستوں کا ذکر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، حالیہ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر ایک اہم فیصلے کے قریب پہنچنے کا عندیہ دیا ہے۔
امریکی انتظامیہ اس سے قبل بھی ایران پر فوجی دباؤ کے ساتھ مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے کا عندیہ دے چکی ہے جبکہ وائٹ ہاؤس نے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان بھی کیا ہے۔

