مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا ترقیاتی کاموں کا جائزہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال کے ہمراہ مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم کا دورہ کیا اور منصوبے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا ، دورے کے موقع پر ڈی ایچ اے اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران نے وفاقی سیکرٹری کا استقبال کیا۔

حکام کی جانب سے انہیں مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم کی مجموعی پیش رفت، جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ، پروجیکٹ ڈائریکٹر مارگلہ آرچرڈ نے منصوبے میں ہونے والی پیش رفت، مختلف ترقیاتی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا، وفاقی سیکرٹری نے بجلی، گیس اور ہارٹیکلچر سمیت مختلف شعبوں میں جاری کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے پیش رفت کی تفصیلات دریافت کیں۔

اس موقع پر رین واٹر چینلائزیشن کے انتظامات اور مین بلیوارڈ پر لائٹنگ کے منصوبے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ، وفاقی سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی نکاسی اور روشنی کے انتظامات سمیت تمام ضروری سہولیات کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے ، دورانِ بریفنگ مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم کے بلاک اے میں جون 2027 میں پوزیشن/قبضہ دینے سے متعلق پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔

کیپٹن (ر) محمد محمود نے ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام سرگرمیوں کو طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے معیارِ تعمیر، رفتارِ کار اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وفاقی سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اور انفراسٹرکچر سے متعلق تمام امور باہمی رابطے کے ساتھ آگے بڑھائے جائیں تاکہ الاٹیز کو بنیادی سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں اور منصوبہ مقررہ اہداف کے مطابق مکمل ہو۔

دورے کے اختتام پر وفاقی سیکرٹری نے منصوبے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کام کی موجودہ رفتار برقرار رکھنے کے ساتھ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔