حنا جاوید قتل کیس، پنجاب حکومت نے ہائی پاورڈ کمیٹی قائم کردی

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کیلئے ہائی پاورڈ کمیٹی قائم کر دی ، ذرائع کے مطابق کمیٹی کی سربراہی سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کریں گے جبکہ ڈی آئی جی لاہور شعیب خرم اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی سیف اللہ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

ہائی پاورڈ کمیٹی حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش کا ازسرنو جائزہ لے گی اور رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ کرے گی، اس دوران کمیٹی جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے ساتھ اب تک ہونے والی تحقیقات کا بھی تفصیلی جائزہ لے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس کو کیس سے متعلق فرانزک نمونوں کی رپورٹس موصول ہوگئی ہیں جن میں پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ بھی شامل ہے، مزید برآں وزیراعلٰی پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی ہائی پاورڈ کمیٹی نے مقتولہ کے اہلخانہ سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ حنا جاوید کو 21 اگست کو ان کے گھر میں بے رحمانہ طریقے سے قتل کیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج ہے، مقدمے میں نامزد مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان ارشد اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں ، حنا جاوید کے اہلخانہ نے راولپنڈی پولیس کی تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی کاکس کمیٹی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو بھی خطوط ارسال کئے تھے۔