بجلی پھر مہنگی ہونے کا امکان، فی یونٹ 1.73 روپے اضافے کی تجویز

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) بجلی صارفین پر مزید بوجھ پڑنے کا امکان ہے، نیپرا نے فی یونٹ قیمت میں 1.73 روپے اضافے کی درخواست کر دی ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا اجلاس ہوا، جس میں فیول سبسڈی سمیت بجلی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

دوسری جانب بجلی کے بھاری بل ادا کرنے والے صارفین پر مزید مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، کیونکہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز زیر غور ہے ، نیپرا میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی، نیپرا اتھارٹی درخواست اور متعلقہ اعداد و شمار کا مزید جائزہ لینے کے بعد اپنا فیصلہ جاری کرے گی۔

سماعت کے دوران سی پی پی اے نے بریفنگ میں بتایا کہ اگست کے دوران ڈسکوز کو 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جبکہ بجلی کی اوسط فیول لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی .

بریفنگ کے مطابق اگست میں مجموعی بجلی پیداوار میں پانی سے پیدا ہونے والی بجلی کا حصہ سب سے زیادہ 37.84 فیصد رہا، مقامی کوئلے سے 10.86 فیصد، درآمدی کوئلے سے 15.59 فیصد، مقامی گیس سے 7.04 فیصد جبکہ درآمدی ایل این جی سے 8.48 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

سی پی پی اے کے مطابق اگست میں فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے کا تناسب 2.15 فیصد رہا، تاہم فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 45 روپے 25 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی، درآمدی ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 45 روپے 92 پیسے فی یونٹ رہی۔