Housing Secretary Reviews Sky Garden Housing Project, Orders Faster Development and Protection of Natural Environment Capitalnewspoint.com

سیکرٹری ہاؤسنگ کا اسکائی گارڈن ہاؤسنگ پراجیکٹ کا دورہ، ترقیاتی کام تیز کرنے اور قدرتی ماحول کے تحفظ کی ہدایت

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال کے ہمراہ اسکائی گارڈن ہاؤسنگ پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا ، اس موقع پر FGEHA کے جوائنٹ وینچر پارٹنر چوہدری اسماعیل صاحب بھی موجود تھے۔

ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں منصوبے پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں، انفراسٹرکچر، الاٹمنٹ اور تعمیراتی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ، اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود نے منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران غیر ضروری کٹنگ سے مکمل طور پر گریز کیا جائے .

اور Cut & Fill کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زمین کی قدرتی ساخت اور وادی کے حسن کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی لیولنگ اور زمین کی تیاری کے دوران قدرتی پروفائل اور پہاڑی علاقے کی خوبصورتی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ جہاں کٹنگ کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے وہاں آئندہ مرحلے میں مزید غیر ضروری کٹنگ سے گریز کیا جائے تاکہ قدرتی ماحول متاثر نہ ہو۔

انہوں نے منصوبے میں ہارٹیکلچر اور لینڈ اسکیپنگ کے مناسب انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے دوران Cost Effectiveness کو بھی بنیادی اہمیت دی جائے اور دستیاب وسائل کو دانشمندانہ انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایسا انفراسٹرکچر تشکیل دیا جائے جو پائیدار، خوبصورت اور رہائشی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ منصوبے میں موجود Pine Trees اور دیگر قدرتی نباتات کو حتی الامکان محفوظ رکھا جائے اور ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی اس انداز میں کی جائے کہ قدرتی ماحول اور گرین ایریاز کو کم سے کم نقصان پہنچے۔ اسی طرح زمین کے کٹاؤ کو روکنے اور ڈھلوانوں کو مستحکم بنانے کے لیے مناسب مقامات پر Stone Pitching کا انتظام کیا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بارش کے پانی اور قدرتی آبی بہاؤ کے راستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع Water Channelization Plan تیار کیا جائے تاکہ قدرتی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا نہ ہو اور بارش کے پانی کی مؤثر نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے ، انہوں نے دیگر ضروری واٹر مینجمنٹ اقدامات شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ Rainwater Flows کو قدرتی راستوں کے مطابق منظم کیا جائے تاکہ بارش کے دوران پانی جمع ہونے، زمین کے کٹاؤ اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ہدایت کی کہ منصوبے میں ڈرینیج اور سیوریج کے نظام کو خصوصی ترجیح دی جائے اور تعمیر و ترقی کے کسی بھی مرحلے پر نکاسی آب یا سیوریج سے متعلق مسائل پیدا نہ ہوں ، انہوں نے کہا کہ محض قبضہ دینے کے بجائے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ الاٹیز کو مکمل اور معیاری رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام متعلقہ امور کو مقررہ مدت کے اندر حتمی شکل دی جائے ، انہوں نے کہا کہ وہ دو ہفتے بعد دوبارہ اسکائی گارڈن ہاؤسنگ پراجیکٹ کا دورہ کریں گے تاکہ ترقیاتی کاموں اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا سکے-

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسکائی گارڈن ہاؤسنگ پراجیکٹ کی منصوبہ بندی Asian Consultants کی جانب سے کی گئی ہے، جبکہ منصوبے کے مختلف پیکیجز پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں ، پیکیج I کے بلاکس A، B اور D میں ترقیاتی کام تیزی سے تکمیل اور فنشنگ کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ تینوں بلاکس کے الاٹیز کو 31 دسمبر 2026 تک قبضہ (Possession) فراہم کر دیا جائے گا۔

اس سلسلے میں متعلقہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ، حکام نے بتایا کہ SNGPL سے متعلق امور پر چیف انجینئر سے رابطہ کیا گیا ہے اور متعلقہ NOC جلد حاصل ہونے کی توقع ہے ، SNGPL کے لیے ڈیزائن کو حتمی شکل دی جا چکی ہے جبکہ Layout Plan بھی تیار ہے۔ اسی طرح IESCO کا Demand Note بھی ادا کر دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکائی گارڈن ہاؤسنگ پراجیکٹ کے 4,255 پلاٹس میں سے 2,470 پلاٹس الاٹ کیے جا چکے ہیں ، منصوبے کے مختلف تکنیکی اور انتظامی معاملات کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے اور جلد متعدد امور کو Finalize کرکے منصوبے کی عملی تکمیل اور Implementation کے مرحلے کی جانب پیش رفت کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل FGEHA کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال نے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے ہر ممکن مالی، تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام کام باہمی رابطے، مربوط منصوبہ بندی اور مقررہ معیار کے مطابق تیزی سے مکمل کیے جائیں۔

کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال نے کہا کہ FGEHA کا مقصد صرف پلاٹس کا قبضہ دینا نہیں بلکہ الاٹیز کو بنیادی سہولیات سے آراستہ، محفوظ، خوبصورت اور پائیدار رہائشی ماحول فراہم کرنا ہے ، اس سلسلے میں ترقیاتی کاموں کے معیار، قدرتی حسن کے تحفظ، انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے منصوبے کی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسکائی گارڈن ہاؤسنگ پراجیکٹ کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جائے اور کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار، لاگت کی مؤثریت اور ماحول دوست منصوبہ بندی کو بھی یقینی بنایا جائے ، دورے کے اختتام پر سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور ڈائریکٹر جنرل FGEHA نے منصوبے سے متعلق تمام متعلقہ افسران کو باہمی رابطے کے ذریعے باقی ماندہ امور کو جلد حتمی شکل دینے اور ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔