ٹرمپ کی نئی ترجمان کا پہلا امتحان آج، کیٹی زکریا کی پریس بریفنگ پر سب کی نظریں

واشنگٹن (ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پریس سیکرٹری کیٹی زکریا آج 13 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس میں اپنی پہلی باضابطہ پریس بریفنگ دیں گی، وہ ایسے وقت میں یہ ذمہ داری سنبھال رہی ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ کو سیاسی دباؤ، آئندہ وسط مدتی انتخابات اور صحافیوں کے ساتھ اختلافات کا سامنا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ کیٹی زکریا پیر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جبکہ ان کی پہلی تعارفی پریس بریفنگ منگل کی صبح ساڑھے 9 بجے ہوگی۔

امریکی نشریاتی ادارے این پی آر کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت میں نمایاں کمی، وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن جماعت کو ممکنہ نقصان سے بچانے کی کوششیں اور صحافیوں کے ساتھ انتظامیہ کے اختلافات نئی پریس سیکرٹری کے لیے اہم چیلنجز ہوں گے۔

41 سالہ کیٹی زکریا وکیل اور چار بچوں کی والدہ ہیں ، این پی آر کے مطابق انہوں نے پیپرڈائن یونیورسٹی کے کاروسو سکول آف لا سے قانون کی تعلیم حاصل کی، انہوں نے 2007 میں یونیورسٹی سے گریجویشن کیا جبکہ 2011 میں قانون کی ڈگری حاصل کی۔

کیٹی زکریا مختلف قدامت پسند تنظیموں کے ساتھ کام کرچکی ہیں اور اسقاطِ حمل کی مخالفت کرنے والی ایک تنظیم کے مشاورتی بورڈ کی رکن بھی رہ چکی ہیں ، وہ اس سے قبل امریکی محکمہ داخلی سلامتی میں عوامی امور کی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری اور ترجمان کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

حال ہی میں وہ ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ میں سینیئر مواصلاتی مشیر تھیں ، یہ گروپ صدر ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کو چلاتا ہے ، این پی آر کے مطابق کیٹی زکریا فاکس نیوز اور نیوزمیکس پر بھی متعدد مرتبہ سیاسی تبصرہ نگار کے طور پر شرکت کرچکی ہیں، جہاں انہوں نے صدر ٹرمپ کی حمایت میں اظہارِ خیال کیا۔