ٹرمپ کا نیتن یاہو کی دوبارہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے بھرپور حمایت کا اعلان

واشنگٹن (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی انتخابات میں اپنے اتحادی اور موجودہ وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی باضابطہ حمایت کا اعلان کردیا ہے ، ٹرمپ نے نیتن یاہو کو ’’عظیم جنگجو وزیراعظم‘‘ اور امن کا شراکت دار قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے پر بھی اسرائیلی وزیراعظم کو سراہا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ بی بی نیتن یاہو نے سخت مخالفت، حتیٰ کہ اسرائیل کے اندر سے ہونے والی مخالفت کے باوجود مضبوطی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

اسرائیلی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ان کے پیغام کو نیتن یاہو کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے مکمل اور بھرپور حمایت سمجھا جائے ، تاہم خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ کی حمایت سے نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ کو 27 اکتوبر کے قومی انتخابات میں کوئی خاص فائدہ پہنچے گا یا نہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے باعث اسرائیل میں ٹرمپ کے لیے عوامی حمایت میں کمی آئی ہے۔