بھارت کو ایران سے تعلقات کی ضرورت، امریکا کو پاکستان سے روابط درکار ہیں . مارکو روبیو

لاہور (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جیسے بھارت کیلئے ایران سے تعلقات ضروری ہیں ویسے ہی امریکا کو پاکستان سے تعلقات کی ضرورت ہے ، بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ہم دنیا میں کہیں بھی ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ہیں، ہم ہر اس شخص یا ملک کے خلاف ہیں جو دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات ہیں اور جغرافیائی نقطۂ نظر سے امریکا کیلئے پاکستان کے ساتھ تعلقات قائم رکھنا ضروری ہے ، امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جیسے بھارتی حکومت کو ایران سے تعلقات رکھنے کی ضرورت ہے اور بھارتی حکومت ایرانی رہنماؤں سے ملاقات کرتی ہے، اسی طرح امریکا کو پاکستان سے تعلقات کی ضرورت ہے۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں ہم ان سے بات چیت کریں تو شاید اس سے ہمیں مدد ملے، ممکن ہے کہ ان تعلقات کے ذریعے ہم بھارت کو لاحق خدشات دور کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔