ممبئی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے حالیہ واقعے اور گینگسٹرز کی جانب سے مبینہ دھمکیوں کے بعد سلمان خان کی نقل و حرکت اور رہائش گاہ کے اطراف حفاظتی انتظامات بڑھا دیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز ممبئی ایئرپورٹ پہنچنے پر سلمان خان کے ہمراہ متعدد مسلح سکیورٹی اہلکار موجود تھے، جبکہ ان کے ذاتی باڈی گارڈ شیرا بھی ان کے ساتھ تھے اس موقع پر اداکار نے فوٹوگرافروں کے سامنے زیادہ دیر رکنے یا پوز دینے سے گریز کیا اور تیزی سے ایئرپورٹ کے اندر چلے گئے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز ممبئی میں فٹبال گراؤنڈ سے باہر نکلتے وقت اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی ، واقعے کے بعد سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا میں ایک مبینہ آڈیو کلپ گردش کرنے لگا، جس میں لارنس بشنوئی گروپ سے منسلک ہونے کا دعویٰ کرنے والے افراد نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مبینہ آڈیو میں انیل پنڈت اور ہرمن سندھو کے نام سامنے آئے، جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ٹائیگر شروف کو پہلے وارننگ دی گئی تھی، تاہم آڈیو میں کیے گئے دعووں اور حملے سے متعلق ان افراد کے کردار کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔
رپورٹس کے مطابق مبینہ آڈیو پیغام میں فلم انڈسٹری کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ جو بھی سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا، اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان دھمکیوں کے بعد سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر بھی سکیورٹی بڑھائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ٹائیگر شروف پر فائرنگ اور سلمان خان کو مبینہ دھمکیوں کے واقعات نے بالی ووڈ شخصیات کی سکیورٹی سے متعلق خدشات کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔ واقعے اور مبینہ دھمکیوں کے حوالے سے پولیس کی تحقیقات اور سرکاری تصدیق اہم ہوگی۔
مزید پڑھیں : ٹائیگر شروف پر فائرنگ، اداکار بال بال بچ گئے، ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی

