اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات پیش کیں ، ڈی آئی جی نے شہریوں کی شکایات تفصیل سے سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کر دیے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور میرٹ پر حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ، شہری کسی سفارش کے بغیر براہِ راست کھلی کچہری میں شرکت کرکے اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانے کے لیے ڈی آئی جی آفس میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری منعقد کی جا رہی ہے، تاکہ شہریوں کو مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

