اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) اور فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (FDHL) کے درمیان راولپنڈی میں جدید ہاؤسنگ اسکیم کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
منصوبے کے تحت کیپیٹل سمارٹ سٹی کی حدود میں 2 ہزار کنال اراضی پر لینڈ شیئرنگ ماڈل کے تحت ہاؤسنگ اسکیم تیار کی جائے گی، جس سے وفاقی سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو جدید رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب 21 اکتوبر 2026 کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے دفتر جی-10/4 اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں FDHL کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) محمد ندیم اسلم اور FGEHA کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ، مفاہمتی یادداشت پر FGEHA کی جانب سے چیف انجینئر سید محمد حسن جبکہ FDHL کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) محمد ندیم اسلم نے دستخط کیے۔
اتھارٹی حکام کے مطابق جوائنٹ وینچر پروجیکٹس ونگ (JVP) کے تحت شروع کیے جانے والے اس منصوبے کا مقصد نجی شعبے کے اشتراک سے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے معیاری، محفوظ اور جدید رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے کہا کہ کیپیٹل سمارٹ سٹی ایک جدید رہائشی منصوبہ ہے، جہاں رہائش کے ساتھ بنیادی اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے میں معیاری تعلیمی اداروں، کمیونٹی سینٹرز، مساجد، پارکس، کھیلوں کی سہولیات، کمرشل ایریاز اور صحت کی سہولیات سمیت ضروریاتِ زندگی کی مختلف سہولتیں دستیاب ہیں۔ کشادہ سڑکیں، گرین بیلٹس اور منظم انفراسٹرکچر اس منصوبے کو جدید شہری طرزِ زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ بناتے ہیں۔
ڈی جی FGEHA کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سرکاری ملازمین کے لیے سستی اور معیاری رہائش کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ معاہدہ وفاقی حکومت کے رہائشی منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آگے بڑھانے کے عزم کا عکاس ہے۔
کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے بتایا کہ اتھارٹی نے وفاقی سرکاری ملازمین کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اسلام آباد اور کراچی میں کئی رہائشی منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی ترجیح ہے کہ سرکاری ملازمین کو محفوظ، معیاری اور سستی رہائش فراہم کی جائے۔ اس مقصد کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ڈی جی FGEHA نے یقین دہانی کرائی کہ اتھارٹی اپنے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور رہائشی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
FGEHA کے ترجمان کے مطابق کیپیٹل سمارٹ سٹی میں مجوزہ ہاؤسنگ اسکیم سے راولپنڈی اور گردونواح میں رہائش کے خواہش مند وفاقی سرکاری ملازمین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے ، نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے جدید رہائشی منصوبوں کی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کا مقصد وفاقی ملازمین اور شہریوں کو معیاری، منظم اور جدید رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے ، مفاہمتی یادداشت اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے ، تقریب کے اختتام پر ڈی جی FGEHA کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا شکریہ ادا کیا۔

