پاکستان انڈر 18 بیس بال ٹیم کی امریکا میں دھوم، فائنل میں پیراگوئے کو 11-0 سے ہرا دیا

فلوریڈا (ویب ڈیسک) پاکستان کی انڈر 18 بیس بال ٹیم نے امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پیراگوئے کو 11-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ، ٹورنامنٹ ورلڈ کمز ٹو دی پام بیچز، پاورڈ بائی پراسپیکٹ وائر 21 سے 25 اکتوبر تک ویسٹ پام بیچ کے کیکٹی پارک میں کھیلا گیا۔ یہ گراؤنڈ ہیوسٹن آسٹروز اور واشنگٹن نیشنلز کی اسپرنگ ٹریننگ کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔

یہ ایونٹ 2017 میں شروع ہوا تھا، جس میں اب تک چھ براعظموں کے 30 سے زائد ممالک کے کھلاڑی شرکت کرچکے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں انڈر 12، انڈر 15، انڈر 18 اور 18 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی اوپن کیٹیگری شامل ہے ، پاکستان کی انڈر 18 ٹیم کو پاکستان بیس بال ایسوسی ایشن نارتھ امریکا نے منظم کیا۔ ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پروگرام کی ترقی کا ثبوت ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پروگرام کا مقصد باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا اور انہیں اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔