اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا .
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی، ملاقات میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات، بالخصوص کم آمدنی والے طبقے پر معاشی بوجھ کم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے توانائی کی قیمتوں اور عوامی ریلیف کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا، اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور عام شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ، اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ قومی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلسل مکالمہ اور مشاورت کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

