راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (پولیس) بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سوڈانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا ، ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
