اسلام آباد میں سرکاری گھروں کا بڑا اسکینڈل بے نقاب، 1851 رہائش گاہوں میں الاٹیز کے بجائے دوسرے افراد مقیم

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی دارالحکومت میں سرکاری رہائش گاہیں غیر قانونی طور پر کرائے پر دینے اور الاٹمنٹ کے باوجود دیگر افراد کے زیر استعمال ہونے کا بڑا انکشاف سامنے آگیا، 2026 کے سروے میں 2 ہزار 441 سرکاری مکانات اور فلیٹس میں سے 1 ہزار 851 میں کرایہ دار یا دیگر افراد مقیم پائے گئے، جبکہ 590 رہائشی یونٹس لاک یا خالی قرار دیے گئے ہیں۔

سروے رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز بالخصوص G-6، G-7، G-9، G-10 اور I-9 میں متعدد سرکاری کوارٹرز الاٹیز کے بجائے کرایہ داروں اور دیگر افراد کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ فہرست میں ایسے رہائشی یونٹس بھی شامل ہیں جہاں الاٹیز کی جگہ رشتہ داروں، پراپرٹی ڈیلرز اور دیگر محکموں کے ملازمین کی موجودگی درج کی گئی ہے۔

سروے میں سیکٹر F-6/1 کے مختلف بلاکس میں بھی متعدد فلیٹس پر الاٹیز کے بجائے دوسرے افراد کی رہائش سامنے آئی ہے۔ بلاک 2 کے فلیٹ نمبر 5 میں الاٹی رخسانہ جبین کی جگہ فرح حفیظ موجود پائی گئیں، جبکہ بلاک 5 کے فلیٹ نمبر 6 میں الاٹی رائے نوید اصغر کے بجائے عثمان اختر مقیم ہیں۔

اسی طرح بلاک 6 کے فلیٹ نمبر 6 میں الاٹی سلیم سرور کی جگہ سعید احمد کی موجودگی درج کی گئی، بلاک 7 کے فلیٹ نمبر 2 میں الاٹی سید ستار شاہ کے بجائے سعدیہ جبکہ فلیٹ نمبر 3 میں الاٹی محمد نعیم کی جگہ محمد فخر جہاں مقیم پائے گئے۔

رپورٹ میں سرکاری رہائش گاہوں کی غیر قانونی منتقلی اور کرائے پر دیے جانے کے انکشافات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب وزارت ہاؤسنگ کے مطابق تقریباً 43 ہزار سرکاری ملازمین رہائش کے منتظر ہیں، جبکہ دستیاب سرکاری مکانات کی تعداد صرف 17 ہزار 400 کے لگ بھگ ہے، جس کے باعث ملازمین کو سرکاری رہائش کے حصول کے لیے طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سرکاری رہائش گاہیں کرائے پر دینے والے ملازمین کو پہلے ہی سختی سے خبردار کر چکے ہیں، جبکہ حالیہ سروے کے انکشافات کے بعد سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ، قبضے اور استعمال کے نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

سرکاری گھروں کی اصل الاٹیز کے بجائے دیگر افراد کے زیر استعمال ہونے کے انکشافات نے رہائش کے منتظر ہزاروں سرکاری ملازمین کے مسائل اور سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق معاملے کو ایک بار پھر اہمیت دے دی ہے۔