اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس، ضمانت منظور ہونے کے بعد ملزم احسن طاہر اڈیالہ جیل سے رہا

راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد ملزم احسن طاہر کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ، ذرائع کے مطابق ملزم کی رہائی کے احکامات (روبکار) اڈیالہ جیل انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد رہائی عمل میں لائی گئی۔

گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے ملزم احسن طاہر کی ضمانت بعد از گرفتاری دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی، تاہم ضروری دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث ملزم کی رہائی مؤخر ہوگئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز مقتولہ ربیعہ احسن کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر کو معاف کر دیا تھا، مقتولہ کی بہن، والدہ اور مقدمے کے مدعی خرم احمد نے عدالت میں حلف نامے بھی جمع کرائے تھے ، یاد رہے کہ سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن مبینہ طور پر اپنے شوہر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی تھیں، جس کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا تھا۔