12 سال بعد پشاور میں کرکٹ کی واپسی، مارچ میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ ہوگا. محسن نقوی کا اعلان

پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گورنر ہاؤس پشاور پہنچے جہاں انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، بعد ازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری پہلی ترجیح ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں ہے، عوام کی مدد سے یہ جنگ جیتیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ انکروچمنٹ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے جبکہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ مائننگ کے لیے ٹاسک فورس بنائی اور ٹھیکے منسوخ کیے گئے ہیں، اب مائننگ کے ٹھیکے صرف کمپنیوں کی بنیاد پر دیئے جائیں گے، کسی شخصیت کے نام پر ٹھیکہ نہیں دیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ میں ملوث افراد کے لائسنس بھی منسوخ کیے گئے ہیں، انہوں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فنڈز فراہم کرنے پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کے لیے 160 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ معاملات میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے، گورنر نے ہمیشہ ملاقاتوں میں پشاور میں کرکٹ کی بحالی کا مطالبہ کیا، محسن نقوی نے اعلان کیا کہ 12 سال بعد مارچ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں تین ٹیموں کے درمیان ٹی 20 مقابلے بھی کرائے جائیں گے، کرکٹ کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کریں گے، قبائلی اضلاع کے لیے بھی الگ اکیڈمی بنا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے پاکستان کو کرکٹ کے کئی سٹارز فراہم کیے ہیں، پی ایس ایل کے بعد پشاور میں انٹرنیشنل میچز بھی کرائیں گے۔