کوئٹہ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے کے نوجوانوں کیلئے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے جامع پلان پر اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ اور برابری کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے اعلیٰ عسکری قیادت نے سب سے پہلے آواز اٹھائی، جو صوبے کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے ایک اہم اقدام ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کو برابری کی بنیاد پر آگے بڑھنے اور روزگار حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صوبے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں ، دوسری جانب بلوچستان کے نوجوانوں نے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے جامع پلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت کے اقدام کو سراہا۔
نوجوانوں کا کہنا تھا کہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ ان کے روشن مستقبل کیلئے امید کی نئی کرن ہے، جس پر وہ اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے مشکور ہیں ، صوبے میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے اس اقدام کو بلوچستان میں ترقی، معاشی استحکام اور نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

