لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے.
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے جڑا ہے، انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام لوگ ہیں، آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا تو کل معاف نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے، محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ، ملاقات میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔

