PTI Flag Capitalnewspoint.com

مریم نواز ترقیاتی نعروں کے بجائے عوام کو ریلیف دیں، پنجاب کے عوام مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہیں. ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تقریر ترقیاتی دعوؤں، سیاسی طنز اور تشہیری نعروں کے سوا کچھ نہیں، ایک ہزار دن کی حکمرانی کے بعد بھی پنجاب کے عوام مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور بنیادی سہولیات کے فقدان کا شکار ہیں ، مریم نواز کو سابقہ حکومت پر جادو ٹونے اور موکلوں کے ذریعے نظام چلانے کے الزامات لگانے کے بجائے اپنی کارکردگی کا جواب دینا چاہیے۔

سیاسی مخالفین کی کردار کشی اور غیر سنجیدہ الزامات حکومتی ناکامیوں کا پردہ نہیں بن سکتے ، تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں پنجاب کے عوام کے لیے عملی اقدامات کیے گئے، جنہیں تاریخ سے مٹایا نہیں جا سکتا ، تحریک انصاف نے پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کے ذریعے عام اور غریب خاندانوں کو نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی۔

مارچ 2022 تک پنجاب کی سو فیصد آبادی کو صحت انصاف کارڈ کی کوریج فراہم کرنے کا ہدف حاصل کیا گیا ، تحریک انصاف نے صرف صحت کارڈ ہی نہیں بلکہ مستحق بزرگوں کے لیے باہمت بزرگ پروگرام، خصوصی افراد کے لیے ہم قدم پروگرام، خواجہ سراؤں کے لیے مساوات پروگرام، تیزاب گردی کے متاثرین کے لیے نئی زندگی پروگرام اور یتیم بچوں اور بیواؤں کے لیے سرپرست جیسے فلاحی منصوبے متعارف کروائے۔

نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پنجاب روزگار اسکیم شروع کی گئی، جبکہ ہنرمند نوجوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کے اقدامات کیے گئے ، تعلیم کے شعبے میں انصاف آفٹرنون اسکول پروگرام شروع کیا گیا، ہزاروں سرکاری اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا اور خصوصی تعلیم کے اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے۔

پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے آبِ پاک اتھارٹی قائم کی گئی، دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لیے نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام شروع کیا گیا اور بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں کا قیام عمل میں لایا گیا ، یہ وہ اقدامات تھے جن کا براہِ راست تعلق عام آدمی کی زندگی، صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی ضروریات سے تھا۔ ان منصوبوں کی اپنی حدود اور چیلنجز بھی تھے، لیکن عوامی فلاح کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا گیا تھا۔

آج مریم نواز ہزاروں گرین بسوں کے اعلانات کر رہی ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ پنجاب کے کتنے نوجوانوں کو مستقل روزگار ملا؟ کتنے خاندان مہنگائی سے نجات حاصل کر سکے؟ کتنے غریب بچوں کو معیاری تعلیم میسر آئی؟

صحت کے شعبے میں بھی بڑے بڑے دعوے کیے جا رہے ہیں, سوال یہ ہے کہ عام آدمی کو سرکاری ہسپتالوں میں ادویات، علاج، ٹیسٹ اور معیاری طبی سہولیات بلا تعطل کیوں میسر نہیں؟ تحریک انصاف کے دور میں صحت انصاف کارڈ کے ذریعے علاج کی سہولت کو عوام کے گھروں تک پہنچایا گیا تھا، آج عوام کو بتایا جائے کہ اس سہولت کی موجودہ صورتحال کیا ہے؟

پنجاب کے کسان، مزدور، تاجر اور تنخواہ دار طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے۔ بجلی، گیس، پٹرول، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ ان حالات میں ترقی کے بلند و بانگ دعوے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔

مریم نواز کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ پنجاب میں اظہارِ رائے کی آزادی کہاں ہے؟ سیاسی کارکنوں کے خلاف مقدمات، گرفتاریوں، سیاسی انتقام اور مخالف آوازوں کو دبانے کے الزامات کا جواب کون دے گا؟ کیا جمہوریت صرف حکمران جماعت کے لیے ہے؟

خواتین اور بچوں کے تحفظ کے دعوے اپنی جگہ، لیکن عوام کو اشتہارات اور تقریروں کے بجائے ایسا نظام چاہیے جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز تحفظ، انصاف اور فوری داد رسی حاصل ہو ، مریم نواز نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتی ہیں، لیکن نوجوانوں کا مستقبل محض لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے روشن نہیں ہوگا۔ انہیں میرٹ، روزگار، کاروبار، سیاسی آزادی اور اپنے ملک میں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

مریم نواز ایک ہزار دن کی حکمرانی کا جشن منانے کے بجائے پنجاب کے عوام کو ایک ہزار دن کی کارکردگی کا حساب دیں۔ عوام کو بتایا جائے کہ ان کی زندگی میں کیا بہتری آئی، ان کی قوتِ خرید کتنی بڑھی اور کتنے خاندان غربت سے باہر نکلے؟

پنجاب کسی خاندان کی جاگیر نہیں، یہ کروڑوں عوام کا صوبہ ہے ، حکمران عارضی ہوتے ہیں، عوام کے وسائل اور ان کے حقوق مستقل ہیں ، تحریک انصاف نے فلاحی ریاست کا تصور دیا، عوام کو صحت، تعلیم، روزگار اور سماجی تحفظ فراہم کرنے کے عملی منصوبے شروع کیے ، پنجاب کے عوام آج بھی ایسی حکمرانی چاہتے ہیں جو ان کے مسائل حل کرے، نہ کہ اپنی تشہیر میں مصروف رہے۔