ایف جی ای ایچ اے کا تمام ہاؤسنگ منصوبوں میں واجبات کی وصولی تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) میں ادارے کے تمام رہائشی منصوبوں میں واجب الادا رقوم کی وصولی کے عمل کو مؤثر اور تیز رفتار بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سینئر ڈائریکٹر سید کاظم عباس نے کی ، اجلاس میں ڈائریکٹر اسٹاف فیض عمر سیال، ڈائریکٹر پلاننگ، ڈائریکٹر ریونیو، ڈائریکٹر لاء، ڈائریکٹر فنانس، تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز (PDs) اور متعلقہ ٹیکنیکل سٹاف نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران اتھارٹی کے تمام رہائشی منصوبوں کی مجموعی پیش رفت، الاٹیز کی جانب سے واجب الادا اقساط اور دیگر مالی واجبات کی وصولی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اس موقع قائم کردہ ریکوری سیل کو ٹاسک دیا گیا کہ تمام منصوبوں میں جلد از جلدواجبات کی وصولی کے عمل کی نگرانی اور مؤثر پیروی کی ذمہ داری کو پورا کیا جاے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے الاٹیز جنہوں نے تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی اور ان کے ذمہ واجبات باقی ہیں، انہیں ریڈ نوٹسز جاری کیے جائیں گے، جبکہ ادائیگیوں کے معاملات کو حل کرنے اور الاٹیز کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے ذاتی شنوائی (Personal Hearing) کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

مزید برآں، نیلامی((Auction کے ذریعے پلاٹس حاصل کرنے والے سرمایہ کاروں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ مقررہ شرائط کے مطابق اپنی ڈاؤن پیمنٹ جلد از جلد جمع کروائیں، تاکہ منصوبوں میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے ، اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا .

کہ ریکوری سیل تمام متعلقہ شعبوں اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے واجبات کی وصولی کے اہداف پر عمل درآمد یقینی بنائے گا ، اس اقدام کا مقصد ادارے کے مالیاتی امور کو مستحکم بنانا، بقایا جات کی وصولی میں تیزی لانا اور ہاؤسنگ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے دستیاب مالی وسائل کو بہتر بنانا ہے۔