ماسکو (کیپیٹل نیوز پوائنٹ)تجارت، معیشت، سائنس اور تکنیکی تعاون سے متعلق پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کا گیارھواں اجلاس آج ماسکو میں اختتام پذیر ہو گیا ، اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی فیڈریشن کے وزیر توانائی سرگئی تسویلیو نے کی۔
اسلام آباد میں منعقدہ دسویں اجلاس کے دوران ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے دونوں فریقین نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور مزید روابط کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی جن میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، فارماسیوٹیکلز، ذرائع نقل و حمل اور رابطہ کاری، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت شامل ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر گیارھویں بین الحکومتی کمیشن کے پروٹوکول اور 2026 تا 2030 کے لیے اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے جو آئندہ برسوں کے دوران دوطرفہ اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک اسٹریٹجک فریم ورک فراہم کرے گا ، فریقین نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کے حجم کو 5 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا اور منڈیوں تک بہتر رسائی، سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور کاروباری اداروں کے مابین مضبوط روابط کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے اور ان میں تنوع لانے کے وسیع امکانات پر زور دیا۔
دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں ڈھالنے کے لیے مسلسل ادارہ جاتی روابط اور طے پانے والے اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ، باہمی افہام و تفہیم اور تعمیری جذبے سے بھرپور یہ مذاکرات پاکستان اور روسی فیڈریشن کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ ٹھوس اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں ، آئی جی سی میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کمیشن کا بارھواں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔

