راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) تھانہ وارث خان کی حدود میں مسلح ڈکیتی کی واردات میں چار نامعلوم ڈاکو پٹرول پمپ کے عملے کو یرغمال بنا کر 30 لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واردات کے دوران سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ بھی چھین لیا گیا ، ذرائع کے مطابق پی ایف چوک کے قریب واقع ارمکو پٹرول پمپ پر رات گئے چار مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر پہنچے ، پٹرول پمپ پر آتے ہی ملزمان نے عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکو بعد ازاں پٹرول پمپ کے مینجر شہباز کے دفتر میں داخل ہوئے اور مبینہ طور پر ان سے 30 لاکھ روپے سے زائد کی رقم چھین لی ، واردات کے بعد چاروں ملزمان موٹر سائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، واردات کے بعد پٹرول پمپ کے مینجر شہباز کی جانب سے پولیس کو تحریری درخواست بھی جمع کرائی گئی، تاہم واقعے کے چار روز گزرنے کے باوجود مقدمہ درج نہ کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں ، دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم اور سکیورٹی گارڈ سے چھینا گیا اسلحہ برآمد کیا جائے۔

