اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کے دوسرے صوبوں میں تبادلوں کی راہ ہموار ہوگئی، اسلام آباد جوڈیشل سروس رولز 2011 میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے انتظامی کمیٹی کی سفارش پر اسلام آباد جوڈیشل سروس رولز 2011 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔
ترمیم کے ذریعے ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کا تبادلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے انتظامی کنٹرول میں دے دیا گیا ہے، جس کے تحت ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کا کسی اور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں تبادلہ کیا جا سکے گا۔
ترمیم کے مطابق ججز کا روٹیشن کے تحت صوبائی ہائی کورٹ کے ماتحت ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں بھی تبادلہ کیا جا سکے گا ، اسلام آباد جوڈیشل سروس رولز 2011 میں ترمیم کی منظوری کا گزٹ نوٹیفیکیشن بھی سامنے آگیا ہے، رجسٹرار نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدور کو ترمیم کی نقول ارسال کردی ہیں۔

