حمزہ شہباز کا وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ، جدید ابلاغ پر بریفنگ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی سی ڈی) کا دورہ کیا ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے حمزہ شہباز شریف کا استقبال کیا۔

وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے حمزہ شہباز شریف کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور امور کار پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا اطلاعات کی ترسیل اور عوام سے رابطے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے، پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کی روک تھام ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت کے مثبت اقدامات اور قومی بیانیے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی وی ڈیجیٹل اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں وزارت اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا ، انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا عوام تک معلومات کی بروقت رسائی اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں جاری اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو لائق تحسین قرار دیا ، اس موقع پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی رابطے اور مؤثر ابلاغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا، پی ٹی وی ڈیجیٹل کے ذریعے مواد کی ڈیجیٹل رسائی کو مزید وسعت دینے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

حمزہ شہباز شریف کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں جاری اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ، اس موقع پر وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔