پشاور (بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی سطح پر متعلقہ حکام اور افراد سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور حالیہ واقعات سے متعلق پارٹی کا مؤقف ان تک پہنچا دیا گیا ہے۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ گزشتہ رات سے وفاقی سطح پر متعلقہ لوگوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں ، ان کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے بھی متعلقہ حلقوں کو پارٹی کا پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ افراد سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خاندان اور پارٹی رہنماؤں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر انہیں تشویش ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق مزید گرفتاریاں حالات کو سنگین کر سکتی ہیں، اس لیے موجودہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

