اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جنید اکبر کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات ملک میں بدامنی اور انتشار کی جانب اشارہ کرتے ہیں .
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ ان کے مطابق جنید اکبر اور پی ٹی آئی پُرامن احتجاج کے بجائے تصادم اور تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی بات کر رہے ہیں ، وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کے روزگار اور معمولاتِ زندگی کو برقرار رکھنا ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کی جانب سے دی جانے والی احتجاج کی کال کو غیر قانونی سمجھتی ہے اور سڑکوں کی بندش یا عوامی زندگی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ حکومت قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اور معمولاتِ زندگی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔

