ڈی آئی خان خودکش حملہ، سی ٹی ڈی کی مدعیت میں مقدمہ درج، 14 دفعات شامل

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ) ڈیرہ اسماعیل خان کی امان میلہ چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ، پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت مجموعی طور پر 14 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی امان میلہ چیک پوسٹ سے ٹکرائی۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشیں منتقل کرنے کے لیے جانے والی ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا گیا ، حکام کے مطابق حملے کی ذمہ داری ایک مقامی دہشتگرد تنظیم کی جانب سے قبول کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ڈی آئی خان آمد :

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئے، جہاں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ان کا استقبال کیا ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کیا اور خودکش حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی ، اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔