Visa Fraud Case, IEIS Consultants Owner Arrested, Rs1.6 Million Recovered Capitalnewspoint.com

ویزہ فراڈ کیس میں بڑی کارروائی، IEIS کنسلٹنٹس کا مالک گرفتار، 16 لاکھ روپے برآمد

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد نے مقدمہ نمبر FIR-AHTC-ICT-753/26 درج کرنے کے بعد مرکزی ملزم واصل عزاد، سی ای او/مالک IEIS کنسلٹنٹس اسلام آباد کو بحریہ ٹاؤن فیز 7 سے گرفتار کر لیا ہے ، گرفتاری کے دوران شکایت کنندہ سے وصول کی گئی سولہ لاکھ روپے کی مکمل رقم بھی برآمد کر لی گئی۔

تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ملزم واصل عزاد نے اپنے ساتھیوں سلمان (ڈائریکٹر)، ذوالقرنین (ڈائریکٹر) اور مسماة صادیہ (ویزہ کنسلٹنٹ) کے ساتھ مل کر شکایت کنندہ محمد زاہد کی اہلیہ کے یو کے اسٹوڈنٹ ویزہ کیس کو دھوکہ دہی اور فریب کے ذریعے ہینڈل کیا ، ملزمان کی ہدایت پر مئی 2025 میں ٹیس سائیڈ یونیورسٹی,(Teesside University, UK)کے آن لائن پیمنٹ لنک کے ذریعے 4,000 پاؤنڈ جمع کروائے گئے.

تاہم ملزمان مقررہ ڈیڈ لائن تک ویزہ درخواست اور ضروری دستاویزات جمع کروانے میں ناکام رہے جس کے نتیجے میں متاثرہ خاتون برطانیہ نہ جا سکی اور 4,000 پاؤنڈ کی رقم بھی ضائع ہو گئی ، تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ جب شکایت کنندہ نے بار بار رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو ملزمان نے انہیں دھمکیاں دیں اور سمن کے باوجود پیش نہ ہوئے۔

مقدمہ دفعات 18 اور 22 ایمیگریشن آرڈیننس 1979 بمع دفعات 420، 506 اور 109 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے ، دیگر ملزمان سلمان، ذوالقرنین اور مسماة صادیہ کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا ، مقدمے کی تفتیش انسپکٹر محمد عبداللہ کیانی (ایس ایچ او AHTC اسلام آباد) انجام دے رہے ہیں۔

ایف آئی اے کا عزم ہے کہ ویزہ فراڈ اور غیر قانونی ایمیگریشن میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرین کو انصاف دلانا ایجنسی کی اولین ترجیح ہے۔