ایران دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا، حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیں گے. مسعود پزشکیان

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کو واضح کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہے یا ان میں خلل ڈالنا چاہتا ہے، ایران دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گا ، ایک انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران ناقابلِ تسخیر ہے، اس سے طاقت اور جبر کی زبان میں بات نہیں کی جانی چاہیے ، اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا اور حملہ آوروں کو اپنا سامان سمیٹ کر واپس جانا ہوگا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا مسئلہ دھمکی یا جبر سے نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ ایران صرف یہ چاہتا ہے کہ امریکا مفاہمت کی یادداشت پر واپس آئے اور اس کی پاسداری کرے ، مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ جب امریکا پہلے سے طے شدہ باتوں پر عمل نہیں کرتا تو ملاقاتوں سے مسئلہ کیسے حل ہوگا، ایران کیسے یقین کرے کہ امریکا اپنے وعدوں پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ایران کے رہنماؤں اور اسکول کے بچوں کو شہید کیا، کیا ایران ان کے پاس ذلت کے ساتھ جاکر مذاکرات کرے؟ ہم مر جائیں گے لیکن ذلت کا طوق قبول نہیں کریں گے۔

ایرانی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کو شکست نہیں دے سکا تو ایران میں حکومت کیسے تبدیل کرسکتا ہے ، مسعود پزشکیان کے مطابق امریکا اور اسرائیل سمجھتے ہیں کہ دباؤ کے ذریعے ایران کو ختم کیا جاسکتا ہے، تاہم ایران تمام مشکلات پر مضبوطی سے قابو پالے گا .