پاک حج ایپ میں نئے فیچرز متعارف، عازمین کو پیکج اور رہائش میں تبدیلی کی سہولت

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کے ذریعے عازمین کو حج پیکج اور رہائش سے متعلق بعض تبدیلیاں گھر بیٹھے کرنے کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عازمین اب اپنے حج پیکج کے دورانیے میں تبدیلی کر سکیں گے ، لانگ پیکج کو شارٹ اور شارٹ پیکج کو لانگ پیکج میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے ، اعلامیے کے مطابق رہائش کے حوالے سے بھی عازمین کو مختلف آپشنز دستیاب ہوں گے ، گھر بیٹھے ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش میں سے انتخاب کیا جا سکے گا۔

میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا لازمی :

وزارت مذہبی امور کے مطابق پاک حج ایپ کے ذریعے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا پرنٹ حاصل کرکے مجاز ڈاکٹر سے اس کی تصدیق کرانے کا عمل جاری ہے، اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر سے تصدیق کے بعد فٹنس سرٹیفکیٹ کو دوبارہ پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ضروری ہوگا ، سمندر پار پاکستانی بھی اپنے قریبی ڈاکٹر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے ایپ پر اپ لوڈ کر سکیں گے۔

محرم یا ہیلپر کی درخواست اور رقم واپسی کی سہولت :

وزارت کے مطابق کامیاب عازمین حج کو ہارڈشپ کوٹے کے تحت اپنے محرم یا ہیلپر کے لیے درخواست دینے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ، کسی مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرنے اور جمع شدہ رقم واپس لینے کے لیے بھی ایپ میں فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔

پرائیویٹ حج بکنگ کے حوالے سے اہم ہدایت :

اعلامیے کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کا عمل بھی جاری ہے ، وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ حج پورٹل سے باہر پرائیویٹ حج کی بکنگ یا ادائیگی نہ کی جائے۔ اعلامیے کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم میں اب تک 26 ہزار درخواستیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔