بہاولپور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) حلقہ این اے 168 بہاولپور سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے والے ملک منیر اقبال چنڑ نے اپنے بھائی اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی، جناب ظہیر اقبال چنڑ کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے ستمبر 2026ء میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھرپور حمایت پر وفاقی وزیر اور ان کے اہلِ خانہ، بالخصوص ان کے صاحبزادے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ، ان انتخابات میں انہوں نے تقریباً 40 ہزار ووٹوں کی برتری سے شاندار کامیابی حاصل کی۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف قومی اسمبلی میں بلکہ انتخابی مہم کے دوران بھی بھرپور تعاون کیا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابی کامیابی عوام کی خدمت کے لیے ان کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط بنائے گی۔
وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے دونوں رہنماؤں کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے اسے بہاولپور کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی عوام کے اپنے منتخب نمائندوں پر اعتماد اور بھروسے کی عکاس ہے ، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی حمایت ان کی سب سے بڑی طاقت ہے اور وہ بہاولپور کے عوام کی فلاح و بہبود اور مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیر نے چنڑ خاندان کی طویل سیاسی جدوجہد کا بھی ذکر کیا اور ان کے مرحوم والد کو خراجِ تحسین پیش کیا، جو رکنِ قومی اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے وفات پا گئے تھے، انہوں نے مرحوم کی عوامی خدمت اور اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ مسلس وابستگی کو سراہا۔

