معاشی استحکام کے لیے اصلاحات جاری رکھنا ضروری ہے . وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کو مزید مستحکم کرنے اور پائیدار، برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب پیش رفت کے لیے اصلاحاتی عمل کا تسلسل ضروری ہے ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جیفریز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد بھی شریک تھے۔

اجلاس میں پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی مالیاتی اور بیرونی ادائیگیوں کی صورتحال، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کو اجاگر کیا گیا ، وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس نظام، توانائی، سرکاری ملکیتی اداروں اور عوامی مالیات کے شعبوں میں اصلاحات کا تسلسل ضروری ہے، معاشی استحکام کو مضبوط بنانے کے ساتھ پائیدار اور برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب پیش رفت حکومت کی ترجیح ہے۔

اجلاس میں آئی ایم ایف پروگرام پر پیش رفت، قرضوں کی پائیدار ادائیگی اور مالیاتی ضروریات پوری کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مالی معاونت کے ممکنہ ذرائع بشمول صکوک، پانڈا بانڈز کے مزید اجرا اور ٹوکنائزیشن کا بھی جائزہ لیا گیا ، محمد اورنگزیب نے نجکاری کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کاروباری اداروں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا.

اجلاس میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، زرعی آمدنی پر ٹیکس کے نفاذ اور ڈیجیٹل ذرائع سے ٹیکس قوانین پر عملدرآمد پر بھی گفتگو ہوئی ، اجلاس کے دوران مالیاتی اہداف کے حوالے سے وفاقی و صوبائی رابطہ کاری، خطے کی جغرافیائی و سیاسی صورتحال سے وابستہ خطرات، توانائی کے تحفظ، ایل این جی سے متعلق ذمہ داریوں اور امریکا و سعودی عرب کے ساتھ معاشی روابط پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، وفاقی وزیر خزانہ نے اصلاحاتی عمل جاری رکھنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔