صدر زرداری سے مالدیپ کے صدر کی ملاقات، اقتصادی تعاون اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) صدر آصف علی زرداری سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ملاقات کی ، ڈاکٹر محمد معیزو کی ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جہاں اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مضبوط اقتصادی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے تعلیم، صحت، سماجی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں مالدیپ کی معاونت کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا، ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

بعدازاں معزز مہمانوں کے اعزاز میں صدرِ پاکستان کی جانب سے پُروقار سرکاری عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جو دوستانہ سفارتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ، یاد رہے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان اقتصادی روابط کے استحکام اور سماجی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو دونوں ممالک کے تعلقات میں اہمیت حاصل ہے۔