Rajab Butt Pakistani Youtuber Capitalnewspoint.com

اختلافات بھلا کر رجب بٹ کا مسٹر پتلو کو بڑا پیغام، ’’ہمت نہ ہارنا، میں تمہارے ساتھ ہوں‘‘

لاہور (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے سابق دوست اور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کے مشکل وقت میں ان کی حمایت کرتے ہوئے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کر دیا ، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر محمد انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب سے قبل پیش آنے والے بھگدڑ کے افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔

واقعے کے بعد مسٹر پتلو نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے معافی مانگی اور پنجاب حکومت سے مدد کی اپیل کی ، انہوں نے اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے کا دعویٰ بھی کیا ، اس صورتحال میں رجب بٹ نے ماضی کے اختلافات ایک طرف رکھتے ہوئے مسٹر پتلو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ اگرچہ اب دونوں کے درمیان بات چیت نہیں ہوتی، تاہم ماضی میں انہوں نے ایک ساتھ اچھا وقت گزارا ہے۔

رجب بٹ کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہی حقیقی دوستوں کی پہچان ہوتی ہے، ہمت نہ ہارنا، میں تمہارے ساتھ ہوں ، انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ بھی مسٹر پتلو کے لیے دعاگو ہیں اور ان سے بات کرنا چاہتی تھیں ، رجب بٹ کے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر سابقہ اختلافات کے باوجود مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔