مطالبات اپنی جگہ مگر انتشار پھیلانے کا طریقہ قابل قبول نہیں. افتخار گیلانی

مظفرآباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ انتشار پسند عناصر تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، وادی لیپہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ ریاست میں امن و استحکام کے لیے صفوں میں موجود انتشار پسند عناصر کی نشاندہی کرکے ان کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، مطالبات اپنی جگہ لیکن ان کے لیے اختیار کیا گیا طریقہ کار قابل قبول نہیں، ایسی گفتگو اور طرز عمل سے گریز کرنا چاہیے جس سے انتشار کو ہوا ملے۔

اُنہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بسنے والے عوام کے عزم، ہمت اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارتی فوج بھی ان کے حوصلے پست نہیں کرسکی ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہماری صفوں میں ایسے عناصر شامل ہوچکے ہیں جو اپنے مقاصد اور مفادات کے لیے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، انتشار پسند عناصر تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ میاں نواز شریف کا فون آیا تو انہیں بتایا کہ میں وادی لیپہ میں موجود ہوں، جس پر انہوں نے وادی لیپہ کے عوام کو سلام پیش کیا، ایل او سی پر دفاع وطن کے لیے موجود افواج پاکستان کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں ، اُن کا کہنا تھا کہ وادی لیپہ کی سیاحتی ترقی کے لیے کنسلٹنٹ ہائر کرکے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی، لوگ اس وادی کی خوبصورتی دیکھنا چاہتے ہیں.

سیاحت کے فروغ کے لیے قابل عمل منصوبے متعارف کرائیں گے تاکہ مقامی افراد باعزت روزگار حاصل کرسکیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ علاقے سے بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ سڑکوں سمیت بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ لیپہ کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے، مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم بچوں کو پاکستان کی بہترین سرکاری اور ٹاپ نجی یونیورسٹیوں میں تعلیم دلوائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر ایکسپوژر دینا بھی ضروری ہے، آنے والے دنوں میں لیپہ کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے لائے جارہے ہیں جبکہ مرحلہ وار تمام بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بیس کیمپ حکومت کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کا حصول ہے، کشمیریوں نے استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے اور پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر پاکستان کی تکمیل کریں گے۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر امن کا گہوارہ ہے، امن، عزت اور احترام ہماری میراث ہیں، ریاست کو آگے لے جانے کے لیے سب کو متحد ہوکر چلنا ہوگا ، اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ریاست کے بچوں کا روشن مستقبل ہے، حکومت کو کچھ وقت دیں، ریاست میں واضح تبدیلی نظر آئے گی، آئندہ تین ماہ میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کردیا جائے گا۔