Excel Lab Islamabad Fake Drips And Vaccines Case Labs Ceo Arrested by Fia Capitalnewspoint.com

مریضوں کو جعلی فلو ویکسین لگانے کا الزام، ایکسل لیبز کے سی ای او گرفتار

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) جعلی فلو ویکسین مریضوں کو لگانے کے الزام میں ایکسل لیبز کے سی ای او ڈاکٹر نصیر احمد سمیت تین ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے تینوں ملزمان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جعلی ویکسین فراہم کرنے کے الزام میں ایکسل لیبز کے سی ای او ڈاکٹر نصیر احمد، منیجر مارکیٹنگ اور اسسٹنٹ منیجر کو گرفتار کیا تھا ، ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے پانچ روزہ ریمانڈ منظور کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ڈرگ انسپکٹر اور ایف آئی اے ٹیم نے اسلام آباد کے بلیو ایریا میں واقع لیب سے جعلی ویکسین کے 27 انجیکشن برآمد کیے۔ ملزمان پر غیر معیاری اور جعلی انفلو ویک ٹیٹرا (Influvac Tetra) ویکسین، لاٹ نمبر P13، مریضوں کو لگانے کا الزام ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈریپ اور حکومت پنجاب کے مطابق لاٹ نمبر P13 کی ویکسین پاکستان درآمد نہیں کی گئی اور اسے غیر معیاری و جعلی قرار دیا جاچکا ہے ، تحقیقاتی ادارے کے مطابق شکایت کنندہ محمد ظریف کی بیٹی سمیت 26 مریضوں کو مذکورہ ویکسین لگائے جانے کا ریکارڈ بھی ضبط کرلیا گیا ہے، جبکہ کیس میں ویکسین کی فراہمی، استعمال اور دیگر متعلقہ معاملات کی تحقیقات جاری ہیں۔

جعلی ویکسین فراہم کرنے کا مقدمہ تھانہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں ڈرگ ایکٹ 1976 اور ڈریپ ایکٹ 2012 کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔