نئے صوبوں کے قیام میں عوامی رائے انتہائی اہم ہے . گورنر پنجاب

لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) سے اتحاد ملک کی خاطر کیا، صدر آصف علی زرداری مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، انہوں نے ہمیشہ مفاہمت اور مشکل وقت میں قومی یکجہتی کی بات کی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے کورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر محمد اشفاق نے کی، جبکہ سیکرٹری محمد ہارون، سینئر نائب صدر عمران احسان، نائب صدور شیخ زین العابدین اور نعمان نور، جوائنٹ سیکرٹری افضال سیال، فنانس سیکرٹری رانا بلال سمیت دیگر عہدیداران اور صحافی بھی شریک ہوئے ، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن صحافی برادری کا اہم اثاثہ ہے ، انہوں نے نومنتخب عہدیداروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور صحافی برادری کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے اتحاد ملک کی خاطر کیا ہے ، نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوام کی رائے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ سندھ اسمبلی نئے صوبوں سے متعلق قرارداد دو تہائی اکثریت سے مسترد کر چکی ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی غریب مزدوروں، ریڑھی بانوں، کاشتکاروں اور عوام کی جماعت ہے، یہ شہیدوں کی جماعت ہے ، صدر آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے ہمیشہ ملک میں مفاہمت اور مشکل وقت میں قومی یکجہتی کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھٹو خاندان کی عوامی خدمت کا وژن لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سسٹم ری سیٹ ہونا چاہیے، میں اپنے لیڈر کی تائید کرتا ہوں ، ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گورنر ہاؤس کو عوامی ہاؤس بنا دیا ہے۔