مسقط (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آج مسقط میں سلطنت عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات کی، جس میں تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا اور پاکستان اور عمان کے درمیان تیل و گیس کے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا ، دونوں رہنماؤں نے اس ادارہ جاتی فورم سے بھرپور استفادہ کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم اور توانائی و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔
ملاقات کے بعد دونوں وزراء نے پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ (پی ایس او) اور عمان کی عالمی تجارتی کمپنی او کیو ٹریڈنگ (او کیو ٹی) کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کے معاہدے (ایس پی اے) پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر او کیو ٹریڈنگ نے پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے 20 کروڑ امریکی ڈالر کی کریڈٹ سہولت دینے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں وزراء نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پر عمل درآمد سے پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور توانائی کی درآمدات کے ذرائع متنوع بنانے کے ذریعے پاکستان کی توانائی کے تحفظ کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
یہ معاہدہ دونوں کمپنیوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس کے تحت عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے ایک منظم تجارتی نظام وضع کیا گیا ہے۔ اس معاہدے سے خطے کی توانائی منڈیوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قابلِ اعتماد فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
او کیو ٹریڈنگ پہلے ہی پی ایس او کو پیٹرول فراہم کرنے والی اہم کمپنیوں میں شامل ہوچکی ہے اور سال 2026 کے دوران اب تک 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پیٹرول فراہم کرچکی ہے۔ نیا معاہدہ دونوں کمپنیوں کے درمیان پہلے سے قائم تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون بڑھانے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
پیٹرول کے علاوہ او کیو ٹریڈنگ نے پاکستان کی ایل پی جی مارکیٹ میں بھی اپنی موجودگی کو مستحکم کیا ہے اور سرکاری و نجی شعبے کے خریداروں کو ایل پی جی فراہم کر رہی ہے ، توقع ہے کہ سال 2026 کے اختتام تک پاکستان کو اس کی ایل پی جی کی فراہمی 1 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کر جائے گی، جو مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے اور خطے میں سپلائی متاثر ہونے کے باوجود توانائی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کے لیے کمپنی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ملاقات اور معاہدے پر دستخط کی تقریب پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے، تجارتی شراکت داری مضبوط بنانے اور تیل، گیس و معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔

