پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 314 رنز کا ہدف دے دیا، حسن نواز 79 رنز کے ساتھ نمایاں

دوحہ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے اہم مقابلے میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دے دیا ، دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.2 اوورز میں 313 رنز بناکر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن نواز 79 رنز بناکر نمایاں رہے، جبکہ معاذ صداقت نے 59 اور فرحان یوسف نے 56 رنز کی اننگز کھیلی ، بھارت اے کی جانب سے ہرشت رانا، پرنس یادیو، سوریانش اور وپراج نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایوش بادونی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کر رہے ہیں، جبکہ بھارتی ٹیم کی کپتانی تلک ورما کے سپرد ہے ، دونوں ٹیمیں اس فارمیٹ میں اب تک 14 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں بھارت اے نے 9 اور پاکستان شاہینز نے 5 میچز میں کامیابی حاصل کی ، واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ 2023 کے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں ہوا تھا، جس میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 128 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔