پاکستان اور انڈونیشیا کی افواج کا بڑا عسکری تعاون، مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق اختتام پذیر

راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاک انڈونیشیا افواج کی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق ’ایلنگ اسٹرائیک تھری‘ کا اختتام ہوگیا ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے تحت ہونے والی یہ مشق 9 نومبر کو شروع ہوئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ فوجی تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں کیا گیا، جہاں پاک فوج اور انڈونیشین آرمی کے اہلکاروں نے انسداد دہشت گردی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے حصہ لیا۔

مشق کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں حاصل ہونے والے تجربات کا تبادلہ، آپریشنل طریقہ کار میں بہتری اور عملی مشقوں کو مزید مؤثر بنانا تھا، اس دوران دونوں ممالک کی افواج نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق تربیتی سرگرمیوں میں باہمی تعاون، بہترین عملی حکمت عملیوں کے تبادلے اور جنگی مہارتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ دونوں افواج انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں اپنی پیشہ ورانہ استعداد مزید بہتر بنا سکیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشترکہ مشق دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کی عکاس ہے ، اس سرگرمی سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ عسکری روابط میں وسعت لانے کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ ہوا ہے۔