اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کا جلد سفارتی حل نکل آئے گا، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے تنازع ختم کرانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
عالمی نشریاتی ادارے یورو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے اور تمام ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مساوی حیثیت کا احترام کرتا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ بلاک سیاست اور یک طرفہ اقدامات مسائل کا مستقل حل نہیں، عالمی سطح پر امن کے لیے کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ جنگ کے پہلے روز پاکستان نے اسرائیلی حملے کی مذمت کی اور ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ، پاکستان نے ایران کو مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کو حملوں کا نشانہ نہ بنانے کا پیغام بھی دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کئی دہائیوں بعد امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات میں پاکستان کی شرکت ممکن ہوئی ، 10 اور 11 اپریل کو ہونے والے مذاکرات تقریباً 21 گھنٹے جاری رہے، جن کے دوران متعدد نکات پر پیشرفت بھی ہوئی، تاہم دونوں فریقوں کے اپنے مؤقف اور ترجیحات کے باعث حتمی اتفاق نہ ہوسکا ، بعد ازاں پاکستان کی سفارتی کوششوں سے اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر اتفاق ہوا۔
اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان نے چین کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پانچ نکاتی اقدام بھی پیش کیا، جبکہ سعودی عرب، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطے کیے گئے تاکہ تنازع کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے باعث توانائی کی فراہمی متاثر ہوئی اور عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ پاکستان میں حکومت کم آمدنی والے طبقات کو پیٹرولیم اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے ریلیف دینے کے لیے سبسڈی فراہم کر رہی ہے، تاہم اس کی بھی ایک حد ہے۔
نائب وزیر اعظم نے خطے میں پائیدار امن کے لیے نئے سیکیورٹی نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے عالمی معیشت پر اثرات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ تمام ممالک مشترکہ طور پر امن اور استحکام کے لیے کردار ادا کریں۔
پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ تعلقات برقرار رکھ سکتا ہے :
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امریکا اور چین کے ساتھ بیک وقت دوستانہ اور اقتصادی تعلقات برقرار رکھ سکتا ہے اور دونوں ممالک کے ساتھ شراکت داری ایک دوسرے سے متصادم نہیں۔ پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی تعاون کو اہمیت دیتا ہے، جبکہ چین کے ساتھ اس کی 75 سالہ شراکت داری مختلف آزمائشوں کے باوجود برقرار رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں معاشی سفارتکاری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ملک کو سرمایہ کاری کے حصول، عالمی تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ، عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ سمیت عالمی اداروں میں اصلاحات بھی ضروری ہیں۔
پاکستان کے معدنی وسائل کی مالیت کھربوں ڈالر تک ہوسکتی ہے :
ملک کی معاشی صلاحیت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے تیسرے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس میں 16 ممالک نے شرکت کی۔
ان کے مطابق پاکستان کے معدنی وسائل کی مجموعی صلاحیت تقریباً 130 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے، جبکہ نایاب معدنیات کے امکانات 6 سے 10 کھرب ڈالر تک ہوسکتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معاشی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ماضی میں ملک نے متعدد معاشی بحرانوں کا سامنا کیا، تاہم 2013 سے 2017 کے دوران معاشی اشاریوں میں بہتری آئی اور شرح نمو 6.3 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ مہنگائی 3.2 فیصد اور پالیسی ریٹ 5.25 فیصد رہا۔
انہوں نے معاشی مشکلات کی ایک بڑی وجہ پالیسیوں میں عدم تسلسل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں چارٹر آف اکانومی کی ضرورت ہے تاکہ حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود معاشی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہے اور عالمی سرمایہ کاروں کو اعتماد حاصل ہو۔
سی پیک کا دوسرا مرحلہ، مصنوعی ذہانت اور زراعت پر توجہ ہوگی :
چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کے حوالے سے اسحاق ڈار نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے پہلے مرحلے کے تحت پاکستان میں تقریباً 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، جبکہ اب دونوں ممالک سی پیک 2.0 کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے مرحلے میں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ تعاون پاکستان کی اقتصادی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوسکتا ہے۔
افغانستان سے بنیادی مطالبہ، دہشتگردی کے خلاف عملی کارروائی کی جائے :
افغانستان کے ساتھ تعلقات اور دہشتگردی کے معاملے پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان کو مستحکم، معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال دیکھنا نہیں چاہتا ، انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ سال افغانستان کے متعدد دورے کیے اور افغان قیادت کے ساتھ تجارت، معیشت، مہاجرین اور سیاسی معاملات پر بات چیت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بنیادی مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک، بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دی جائے۔ پاکستان نے دہشتگردی سے متعلق شواہد عالمی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کیے ہیں اور افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد گروہوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے زبانی یقین دہانیوں کے بجائے قابلِ تصدیق عملی اقدامات ضروری ہیں۔ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ سے زائد انسانی جانیں اور تقریباً 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرچکا ہے۔
بھارت سے مذاکرات کی بحالی کا فیصلہ نئی دہلی پر منحصر ہے :
پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کا انحصار بھارت پر ہے۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان اقدامات کو مسترد کرتا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ تنازعات کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے۔
سندھ طاس معاہدے پر کوئی یک طرفہ تبدیلی قبول نہیں، اسحاق ڈار :
سندھ طاس معاہدے اور پاکستان کے آبی حقوق سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان معاہدے میں کسی بھی یک طرفہ تبدیلی کو قبول نہیں کرسکتا ، ان کے مطابق معاہدے میں تنازعات کے حل کے لیے باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے اور متعلقہ عالمی ثالثی ادارے نے بھی معاہدے کی حیثیت برقرار رہنے سے متعلق فیصلہ دیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 26 کروڑ آبادی کی روزی روٹی، زراعت اور غذائی تحفظ کا انحصار پانی پر ہے، اس لیے پاکستان اپنے آبی حقوق سے دستبردار نہیں ہوسکتا ، پانی کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں اور سندھ طاس معاہدے کی پاسداری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

