پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی تلخی اور رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جہاں غلط ہوں گے انہیں غلط کہیں گے، تاہم سیاست میں گالم گلوچ اور دشنام طرازی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب! دشنام طرازی کے بغیر بھی سیاست کی جا سکتی ہے ، سیاسی رہنماؤں کو وضع داری، تحمل اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے، جبکہ اختلافات اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
وفاقی وزرا کے بیانات اور سیاسی ماحول میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے متعلق سوال پر گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اس حد تک نہیں بڑھنے چاہئیں کہ رہنما ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے کے قابل بھی نہ رہیں۔ تلخیاں ختم کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کی سیاسی تربیت ایسی نہیں کہ وہ کسی کو گالیاں دیں۔ مولانا فضل الرحمان کو گالیاں دینے سے متعلق بات درست نہیں۔ انہوں نے شوکت یوسفزئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انہیں ٹی وی پر روتے ہوئے دیکھا تھا اور انہیں گالیاں ان کے اپنے لوگوں نے دی تھیں۔
سافٹ ویئر تبدیل ہونے سے متعلق سوالات پر دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میرا سافٹ ویئر بالکل ٹھیک ہے، آپ اپنے سافٹ ویئر کے بارے میں بتائیں ، ریفرنڈم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ریفرنڈم بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا مسئلہ نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب کا مسئلہ ہے ، انہوں نے مزید واضح کیا کہ وہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے نمائندے ہیں اور صدر نے انہیں یہ ذمہ داری سونپی ہے۔

