Pakistan petroleum minister meets omani minister Capitalnewspoint.com

پاکستان اور عمان میں تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر اہم پیش رفت، علی پرویز ملک کی عمانی وزیر سے ملاقات

مسقط (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آج مسقط میں سلطنت عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری کے فروغ انوار بن ہلال بن حمدون الجبری سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر انوار الجبری کو مبارکباد دیتے ہوئے سلطنت عمان میں مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، عمانی وزیر نے بھی پاکستان اور عمان کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کے معاہدے (SPA) پر دستخط ہونے پر وفاقی وزیر کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تیل اور گیس کے شعبے میں طویل المدتی اور باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری کی راہ ہموار کرے گا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے بالخصوص غیر تیل کے شعبوں میں باہمی فائدے کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا ، وزرا نے اس بات کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان انتہائی دوستانہ دوطرفہ تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک مستحکم بنیاد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے آٹھویں اجلاس کے دوران دستخط کیے جانے والے جامع پروٹوکول نے مختلف شعبوں، بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مؤثر لائحہ عمل فراہم کیا ہے.

دونوں وزرا نے تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے درمیان روابط اور روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا ، وزرا نے ویزا سے متعلق مسائل کو متعلقہ وزارتوں کے ساتھ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ، انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے حال ہی میں قائم کیے گئے پاکستان، عمان مشترکہ ورکنگ گروپ کے مؤثر استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا، تاکہ دونوں ممالک میں موجود مواقع کی نشاندہی کرکے ان سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔