اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ’’اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل کے حصول کے لیے تیز ترعملی اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئےکہا ہے کہ مستحق خاندانوں کو گھر کی فراہمی قومی ذمہ داری ہے، قرضوں کی تقسیم کے مطلوبہ ہدف کے حصول کے لیے تمام رکاوٹیں اور مشکلات مل کر دور کی جائیں .
بینک قرضوں کی منظوری میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستحق شہریوں کو بلا تاخیر اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی سہولت میسر آئے، قرضوں کی جائز منظوری میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اس قومی منصوبے میں کسی قسم کی سیاسی سفارش یا اقرباء پروری کی کوئی گنجائش نہیں ، وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پیرکو ’’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم قیادت میں قربانیاں دیں اور اس امید کے ساتھ ہجرت کی کہ نئے وطن میں محنت، امانت، دیانت اور میرٹ کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی، جہاں ہر شخص اپنی صلاحیت اور محنت کی بنیاد پر معاشرے میں مقام حاصل کر سکے گا اور پاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام بنائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ متعدد خاندانوں کو اپنے گھر میسر آئے ہیں تاہم یہ حقیقت بھی افسوسناک ہے کہ ایک طرف بیشتر وسائل چند افراد تک محدود ہیں جبکہ دوسری طرف آبادی کی ایک بڑی تعداد چھت، تعلیم، علاج اور باعزت روزگار سے محروم ہے ، یہ وہ پاکستان نہیں تھا جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں وفاق اور صوبوں کو مل کر تیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت بینکوں کے ذریعے قرضوں کی فراہمی میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے اور ان کی معلومات کے مطابق اس عمل میں کرپشن یا اقرباء پروری کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا جو ایک بڑی کامیابی ہے ، انہوں نے اس منصوبے کے آغاز اور کامیابی میں کردار ادا کرنے پر وزیر ہاؤسنگ، وزیر خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور تمام متعلقہ بینکوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں بینک اس شعبے میں قرضے دینے کے لیے تیار نہیں تھے کیونکہ انہیں سرکاری ٹریژری بلز اور دیگر سرکاری سرمایہ کاری میں منافع مل رہا تھا تاہم اب یہ سفر شروع ہو چکا ہے اور اسے مزید آگے بڑھایا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ بینکوں، حکومت اور متعلقہ اداروں کا مشترکہ مقصد اس منصوبے کو مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔
انہوں نے اس امر کو سراہا کہ قرض حاصل کرنے والے کسی شہری سے اس کی سیاسی وابستگی کے بارے میں نہیں پوچھا گیا ، وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے بینکوں کو واضح ہدایت کی تھی کہ اگر کوئی غلط سفارش، حتیٰ کہ وزیراعظم کی طرف سے بھی آئے تو بینک اسے مسترد کر دیں، کیونکہ یہ قومی وسائل ہیں اور ان پر حق صرف مستحق افراد کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہاؤسنگ سکیموں کا رخ بڑے اور شاہانہ گھروں کی طرف رہا، حالانکہ اشرافیہ کو ایسے قرضوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اصل ضرورت مزدوروں، بیواؤں، یتیموں، متوسط طبقے اور ایسے عام خاندانوں کو ہے جو اپنی چھت کے حصول کے لیے وسائل نہیں رکھتے ، پاکستان کے کسی بھی حصے میں رہنے والے مستحق خاندان کو گھر فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک تقریباً 18 ہزار گھروں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے مزدور، بیوہ، یتیم، کسان اور غریب خاندانوں کو چھت فراہم نہیں کی جا سکتی تو پھر عوام کی خدمت کے لیے حاصل کردہ عہدوں کا کوئی جواز نہیں رہتا۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پانچ متعلقہ بینکوں کو اس منصوبے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر بلیو پاسپورٹ فراہم کیے جائیں گے اور وہ اس شعبے میں ملک کے عمومی سفیر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان بینکوں کے مالکان یا چیف ایگزیکٹو افسران باہمی طور پر فیصلہ کریں گے کہ یہ پاسپورٹ کون حاصل کرے گا تاہم قرضوں کی جائز منظوری میں تاخیر کی صورت میں متعلقہ بینک جواب دہ ہوں گے ، وزیراعظم نے کہا کہ اپنا گھر پروگرام کی کامیابی ان کی باقاعدہ نگرانی کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک، وزیر ہاؤسنگ، متعلقہ سیکرٹریز اور افسران کی محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ذاتی تشہیر کی ضرورت نہیں بلکہ اس منصوبے کی آگاہی ملک کے چاروں صوبوں، دیہی علاقوں، میدانوں اور پہاڑی خطوں تک پہنچنی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں، انہوں نے چیئرمین ’’آباد‘‘ کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ چیئرمین آباد، گورنر سٹیٹ بینک، بینکوں اور بلڈرز کے درمیان فوری طور پر اجلاس منعقد کیا جائے۔
وزیر ہاؤسنگ اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے تاکہ تینوں فریقوں کے درمیان موثر رابطہ اور اشتراک قائم ہو اور تعمیراتی شعبے میں موجود استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے، حکومت اس مقصد کے لیے مکمل تعاون کرے گی ، وزیراعظم نے بتایا کہ اپریل 2026ء میں پروگرام کے آغاز سے نومبر کے تیسرے ہفتے تک تقریباً ساڑھے چھ ماہ کے دوران 500 ارب روپے کے قرضے منظور کیے گئے جبکہ 100 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے جو اب 112 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک قابل تحسین آغاز ہے تاہم اصل منزل ابھی بہت دور ہے۔
ماضی میں بینکوں نے چھ ماہ تو درکنار کئی سال میں بھی ہاؤسنگ کے شعبے میں اس پیمانے پر قرضے فراہم نہیں کیے، انہوں نے وزیر خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک، وزیر ہاؤسنگ اور بینکوں سے کہا کہ اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل کے حصول کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، اس مقصد کے لیے تمام رکاوٹیں اور مشکلات مل کر دور کی جائیں تاہم بینکوں کے جائز تحفظات اور غیرضروری مالی خطرات کا بھی خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ قرض کے لیے سب سے بنیادی شرط جائیداد کی غیرمتنازع اور واضح ملکیتی دستاویزات ہیں جبکہ دیگر کاغذی کارروائی اور ضروری مراحل کو بینکوں میں خصوصی سہولت ڈیسک قائم کرکے آسان بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا نظام کسی خوف یا رعایت کے بغیر آگے بڑھے گا اور قرضوں کی فراہمی میں غیرضروری رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے خلاف ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم کے خواب کے مطابق ملک بنانے کے لیے امانت، محنت، دیانت اور میرٹ کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا، وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنانے اور اقوام عالم میں اس کا جائز مقام دلانے کی توفیق عطا فرمائے، اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ اس استحکام کے ثمرات عام پاکستانی اور متوسط و کم آمدنی والے گھرانوں تک پہنچائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت تقریباً 112 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں اور 19 ہزار خاندان اس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ بینکوں کی جانب سے تقریباً 560 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری ایک اہم پیش رفت ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں تمام صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر بھی شامل ہیں جبکہ چھوٹے قصبوں سے لے کر بڑے شہروں تک شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں مزید ہزاروں خاندان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے ، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی مسلسل دلچسپی، رہنمائی اور خصوصی توجہ نے اپنا گھر پروگرام کو واضح سمت اور تقویت فراہم کی ہے، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس، وزارت خزانہ اور تمام کمرشل بینک اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ اس کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ، انصاف اور تیز رفتاری یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کو اپنے گھر کا خواب حقیقت میں بدلنے کے لیے ایک عملی راستہ فراہم کیا ہے، چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) حنیف گوہر نے وزیراعظم کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہاؤسنگ سے متعلق متعدد اعلانات اور پالیسیاں سامنے آئیں لیکن انہیں عملی شکل دینے کا سہرا وزیراعظم محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آباد کے تقریباً 1,500 ارکان اس پروگرام سے منسلک ہیں جن میں ہاؤسنگ اور مختلف رہائشی منصوبوں کے تعمیراتی ادارے شامل ہیں، وزیراعظم کی پالیسی، متعلقہ حکام اور گورنر سٹیٹ بینک کی کوششوں کے نتیجے میں پروگرام میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، انہوں نے بتایا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے 75 ہزار درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ وزیراعظم نے سوا لاکھ گھروں کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ہدف بھی حاصل کر لیا جائے گا، حنیف گوہر نے کہا کہ کراچی میں اس سکیم کے تحت گھروں اور فلیٹس کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور آباد کے پاس موجود سابقہ رہائشی انوینٹری بھی فروخت ہو چکی ہے جو پروگرام کی کامیابی کا مظہر ہے، انہوں نے تعمیراتی شعبے کی جانب سے حکومتی وژن کی تکمیل میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں پروگرام سے مستفید ہونے والے شہریوں نے اپنے تجربات بھی بیان کیے، آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی مسرت قمر،بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے فارماسسٹ ڈاکٹر اسد علی ،گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازم محمد حسن ،راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی انعم اختر اور دیگر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ’’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘‘ کو کم آمدنی والے افراد کے لیے بڑی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے ذریعے وہ اپنے گھر کے مالک بنے، تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضے جاری کرنے والے پانچ بڑے بینکوں یونائیٹڈ بینک، ایچ بی ایل، بینک الفلاح، میزان بینک اور موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کو اعزازات سے بھی نوازا۔

