راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کل راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کریں گی، جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے ساتھ طلبہ و طالبات، پارٹی رہنماؤں، تاجر برادری اور شہریوں سے خطاب بھی کریں گی۔ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں استقبال کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے دورے کا آغاز بارانی زرعی یونیورسٹی سے ہوگا، جہاں وہ طلبہ و طالبات اور پارٹی رہنماؤں سے خطاب کریں گی۔ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ قافلے کی صورت میں رحمان آباد پہنچیں گی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
رحمان آباد سے وزیراعلیٰ پنجاب کمرشل مارکیٹ جائیں گی اور وہاں واکنگ اسٹریٹ منصوبے کا افتتاح کریں گی۔ اس کے بعد وہ سیدپور روڈ پہنچیں گی، جہاں سڑک کی کشادگی اور نئی پائپ لائن کی تنصیب کے منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ سیدپور روڈ سے مریم نواز بنی چوک پہنچیں گی، جہاں ان کے استقبال کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دورے کے اگلے مرحلے میں وزیراعلیٰ جامع مسجد روڈ جائیں گی، جہاں بھی ان کا استقبال کیا جائے گا ، مریم نواز جامع مسجد روڈ پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گی، جن کا مقصد علاقے میں بنیادی سہولیات اور شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب دورے کے آخری مرحلے میں قافلے کے ہمراہ راجہ بازار پہنچیں گی، جہاں واکنگ اسٹریٹ اور بیوٹیفکیشن منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس موقع پر وہ تاجر برادری اور عام شہریوں سے خطاب بھی کریں گی ، وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے دورے کے دوران تقریباً چار سے پانچ گھنٹے راولپنڈی میں گزاریں گی ، ان کی آمد کے پیش نظر مختلف مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

