مظلوم کی داد رسی کے لیے آخری حد تک جائیں، ظالم کو نہ چھوڑیں. وزیر داخلہ محسن نقوی

پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نوجوان پولیس افسران ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، ینگ افسران سے سب کو بہت توقعات ہیں اور انہیں عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہے ، محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز اور پولیس لائنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 49ویں کامن کے 34 پولیس افسران کی فیڈرل کانسٹیبلری میں مدتِ تعیناتی مکمل ہونے پر منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کیا۔

وزیر داخلہ کا الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پولیس افسران ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، افسران نے جس جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فیڈرل کانسٹیبلری میں خدمات انجام دیں، وہ قابلِ ستائش ہیں ، انہوں نے کہا کہ نوجوان پولیس افسران سے سب کو بہت توقعات ہیں اور انہیں عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہے، اب نئی ذمہ داریاں نئے عزم اور جذبے کے ساتھ ادا کریں.

مظلوم کی داد رسی کے لیے آخری حد تک جائیں اور ظالم کو کسی صورت نہ چھوڑیں ، دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز میں صفوت بلاک کا افتتاح کیا اور میٹنگ ہالز، دفاتر اور جم کا دورہ کیا ، محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری کی نئی بکتر بند گاڑیوں اور بسوں کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر آئی جی ایف سی نذیر احمد گاڑا نے وفاقی وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی، انتظامی امور اور دیگر اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔