پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ یوٹرن خان نے اپنی دہری سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن لے لیا ہے، اب کہتے ہیں سائفر کا معاملہ پیچھے رہ گیا ہے آئندہ الزام نہیں لگاؤں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے لکھا کہ عمران خان کے جھوٹے بیانیے سے ملک کو جو سفارتی نقصان ہوا اس کا ذمہ دار کون ہے؟، آڈیو لیک میں صاف ظاہر ہوچکا ہے کہ عمران خان نے سائفر کے معاملے پر من گھڑت اور جھوٹا بیانیہ بنایا اور اس پر کھیلنے کی بھی منصوبہ بندی کی۔
سینیٹر نے کہا کہ عمران خان اب کہ رہے یہ ماضی کا معاملہ ہے، جلسوں میں اسی بیانیہ پر انہوں نے ملکی اداروں کے خلاف الزام لگائے اور نفرت پھیلائی، یہ بیانیے کی دوڑ میں ملک کے مفاد کو بھی پیچھے چھوڑ دیتے ہیں، عمران خان اب سائفر کے معاملے سے دستبردار ہونے کی کوشش نہ کریں۔
پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ یہ 35 پنکچر کا معاملہ نہیں جو بعد میں کہیں سیاسی بیان تھا، یہ قومی سلامتی کا معاملہ تھا جس کا عمران خان کو حساب دینا ہوگا، اس معاملے پر اب یوٹرن قابل قبول نہیں۔